اسلامی تعلیمات

شہادت

امام جعفر صادقؑ کی زندگی کا آخری حصہ منصور کے دور حکومت میں بسر ہوا منصور عباسی نے کہ جسے آئمہ اہل بیت علیہم السلام سے اور علویوں سے شدید عداوت تھی امامؑ کو سخت نگرانی میں رکھا ہوا تھا اور امامؑ کی آزادانہ زندگی کا دائرہ تنگ کیا جا چکا تھا۔

منصور ایک ظالم، سفاک اور بے گناہ افراد کا قاتل تھا۔ بنو ہاشم اور علویوں سے شدید بغض و عناد رکھتا تھا اور بالخصوص امام حسن مجتبیٰؑ کی اولاد کا وجود منصور کے لیے ناقابل برداشت تھا چنانچہ اس نے حسنی سادات کا بے دریغ قتل کیا اور بعض کو تو دیواروں میں بھی زندہ چنوا دیا۔ انہیں قید و بند کی صعوبتوں سے دوچار کیا ایسے ظالم اور جلاد بادشاہ کی نگاہ میں جب سادات حسنی کے عام افراد کی زندگی ناقابل برداشت تھی تو امام جعفر صادقؑ تو بہر حال امام اور مجسمہ کمالات تھے اور ان کی شخصیت لوگوں کی نگاہ میں بے حد معزز اور محترم تھی ان کا وجود منصور کی نگاہ میں کس طرح قابل برداشت ہو سکتا تھا۔ اسی لیے وہ کسی ایسے موقع کی تلاش میں تھا جس سے فائدہ اٹھا کر امامؑ کو شہید کر دے اس سلسلے میں منصور نے کئی بار امام جعفر صادق علیہ السلام کے قتل کا ارادہ بھی کیا مگر وہ اپنے ارادے میں ناکام ہوا۔ بالآخر منصور عباسی سے امام علیہ السلام کا وجود مبارک مزید برداشت نہ ہوا اور اس نے آپؑ کو زہر دلوا کر آپؑ کی زندگی کا چراغ گل کر دیا۔

(اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ)