اسلامی تعلیمات

احوال و واقعات

امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی کچھ زندگی منصور بادشاہ کی حکومت کے دور میں گزری۔ اس نے امامؑ کو ظاہری طور پر کوئی تکلیف نہیں پہنچائی اس کے بعد دس سال تک امام موسیٰ کاظمؑ بادشاہ مہدی کے دور حکومت میں زندگی گزار رہے تھے۔ اس نے امامؑ کو عراق بلوایا اور قید میں رکھا دوران قید آپؑ کے معجزات اور عبادت سے متاثر ہو کر اس نے قید کے علاوہ کوئی اور تکلیف دینے کی جرأت نہ کی اور امامؑ کو مدینہ بھیج دیا۔

اس بادشاہ کے دور حکومت ختم ہونے کے بعد تیسرا بادشاہ ہادی کا دور حکومت آیا اس نے ایک سال اور کچھ دن حکومت کی اس عرصہ میں اس نے امامؑ کو گرفتار کرکے قید کر دیا۔ جب امامؑ قید میں تھے تو ایک رات خواب میں بادشاہ ہادی نے حضرت علی علیہ السلام کو دیکھا حضرت علی علیہ السلام نے اس سے فرمایا:

یہ امر قریب ہے کہ تم والی ہو گئے تو زمین پر فساد کرو گے اور قطع رحمی کرو گے۔

جب بیدار ہوا تو حضرت علی علیہ السلام کے فرمان پر غور کیا اور غور کرنے کے بعد امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کو رہا کرنے کا حکم صادر کر دیا۔ اس واقعے کے کچھ عرصہ گزرنے کے بعد دوبارہ اس نے امامؑ کو گرفتار کیا اس وقت امامؑ قید میں تھے جب ہادی کی زندگی ختم ہو گئی۔ اس کے بعد بادشاہ ہارون الرشید کا دور شروع ہو گیا۔