شادی کی اہمیت
٭سوال ا:دین ِ اسلام میں شادی کی اہمیت بیان کریں؟
بے شک ازدواج کی ارفع واعلیٰ بنیاد سے زیادہ مقدس تر کوئی بنیاد نہیں ہے۔(ا)
اور ہر ملت و قوم اپنے دین ِ و مذہب میں اس سے کسی نہ کسی طرح مستفید ہوتی ہے، دین ِ اسلام میں دیگر مذاہب کی نسبت سب سے زیادہ اسکی تاکید کی گئی ہے اور اسکے اہم اثرات و فوائداور برکات کا ذکر کیا ہے، قرآن مجید میں ازدواج کی اہمیت سے متعلق تین آیات ذکر ہو ئی ہیں، ان میں سب لوگوںکو اسکی تشویق اور دعوت دی گئی ہے۔
ا۔وَأَنکِحُوا الْأَیَامَی مِنکُمْ وَالصَّالِحِیْنَ مِنْ عِبَادِکُمْ وَإِمَائِکُمْ إِن یَکُونُوا فُقَرَاء یُغْنِہِمُ اللَّہُ مِن فَضْلِہِ وَاللَّہُ وَاسِعٌ عَلِیْم (۲)
اپنے غیر شادی شدہ مَردوں اور عورتوں کی شادی کردیا کرو اسی طرح نیک غلاموں اور کنیزوں کی بھی اگر وہ فقیر اور تنگدست ہوں گے تو خدا تعالیٰ اپنے فضل سے اُنہیں بے نیاز کر دے گا، خداوند تعالیٰ وسعت دینے واالا علیم ہے۔
۲۔وَمِنْ آیَاتِہِ أَنْ خَلَقَ لَکُم مِّنْ أَنفُسِکُمْ أَزْوَاجاً لِّتَسْکُنُوا إِلَیْْہَا وَجَعَلَ بَیْْنَکُم مَّوَدَّۃً وَرَحْمَۃً إِنَّ فِیْ ذَلِکَ لَآیَاتٍ لِّقَوْمٍ یَتَفَکَّرُونَ َ(۳)
اور اس کی نشانیوں میں سے ہے کہ اس نے تم ہی میں سے تمہارے لیے ازواج کو پیدا کیا تا کہ ان کی قربت سے سکون حاصل کرو اور تمہارے درمیان مودّت و رحمت قرار دی، اس میں صاحبانِ فکر کے لیے نشانیاں ہیں۔
۳۔وَإِنْ خِفْتُمْ أَلاَّ تُقْسِطُواْ فِیْ الْیَتَامَی فَانکِحُواْ مَا طَابَ لَکُم مِّنَ النِّسَاء مَثْنَی وَثُلاَثَ وَرُبَاعَ فَإِنْ خِفْتُمْ أَلاَّ تَعْدِلُواْ فَوَاحِدَۃً أَوْ مَا مَلَکَتْ أَیْْمَانُکُمْ ذَلِک أَدْنَی أَلاَّ تَعُولُواْ(۴)
اور اگر اس بات کا خدشہ ہو کہ یتیم لڑکیوں کے ساتھ شادی کرے عدل کی رعایت نہ کرسکو گے توان سے ازدواج کرنے سے صرف نظر کرتے ہوئے دوسری پاک عورتوں کے ساتھ ازدواج کرو،دو یاتین یا چار بیویاں اور اگر تمہیں خدشہ لاحق ہو کہ (متعدد بیویوں کے بارے میں) عدل کی رعایت نہ کر سکو گے تو پھر فقط ایک بیوی پراکتفا کرو اور یا وہ لونڈیاں کہ جس کے تم مالک ہو، اُن سے استفادہ کرو، یہ کام ظلم و ستم کو بہتر طور پر روک سکے گا۔
آیات کے علاوہ بہت ساری روایات بھی اس موضوع کے بارے میں موجود ہیں جیسا کہ پیغمبر ِاکرمؐ سے منقول ہے کہ جوکوئی شادی کرے یقینا اس نے اپنا آدھا دین محفوظ کر لیا ہے۔(۵)
لہٰذا فقہا ازدواج کو نہ صرف مستحبِ مؤکّد شمار کرتے ہیںبلکہ جسے شادی نہ کرنے کی وجہ سے گناہ میں مبتلا ہو جا نے کاخوف ہو تو اس کے لئے شادی کرنا واجب قرار دیتے ہیں۔
(حوالہ جات)
(ا)رسول اللہ نے فرمایا ’’ما بنی بناء الا سلام احب الیٰ اللّٰہ عزوجل من القزویج (اسلام میں ازدواج سے زیادہ محبوب اور
کوئی بنیاد خدا کے ہاں نہیں)۔(وسائل الشیعہ ج۴ا،ص ۳)
(۲) سورہ نور ،آیت ۳۲
(۳)سور ہ روم، آیت ۲۱
(۴)سورہ نساء آیت ۳
(۵)مَنْ تَزَوَجَّ فَقَدْ اَحْرَزَ نِصْفَ دینِہِ(وسائل الشیعہ ج ۴ا،ص ۵)