اسلامی حکومت کی ضرورت اور ہدف
سوال ۲:غیبت کے زمانے میں فلسفہ سیاسی کے اعتبار سے اسلامی حکومت کی ضرورت کیوں ہے ؟
امام خمینیؒ اس مسئلے کو واضح کرتے ہوئے فرماتے ہیں : (۱)
۱۔تمام اسلامی حکامات خواہ ان کا تعلق سیاسی امور سے ہو یا اقتصادی معاملات سے یالوگوں کے حقوق سے یا کسی اور معاملے سے ، وہ منسوخ نہیں ہوئے اور قیامت تک باقی اور قابل اجراء ہیں اور ان کا اجراء اور نفاذ حکومت کی تشکیل کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔
۲۔امن و امان کو برقرار رکھنا اور اجتماعی و معاشرتی نظام کی حفاظت ایسے واجبات ہیں جن کی اسلام نے بہت زیادہ تاکید کی ہے اسی طرح اسلامی معاشرے میں بد امنی اور انتشار پھیلانا ، شارع مقدس کے نزدیک حرام اور ناپسندیدہ ہے اب ظاہر ہے کہ مذکورہ امر کو عملی جامعہ پہنانا حکومت کے بغیر نا ممکن ہے ۔
۳۔مسلمانوں کی سرحدوں کا دفاع اور حملہ آوروں اور تجاوز کرنے والوں سے حفاظت عقلی اور شرعی لحاظ سے واجب ہے اوریہ امراسلامی معاشرے کی بنیادی ترین ضرورت ہے،اس ضرورت کو پورا کرنا حکومت اور فوجی طاقت کے بغیر نا قابل ِ عمل ہے ۔
۴۔مذکورہ بالا دلائل کی روشنی میں عصرِ غیبت ِامام ؑمیں اسلامی حکومت کاوجود ایک عقلی ضرورت ہے اور واجب ِاسلامی ہے ۔
یہ نکتہ قابل توجہ ہے کہ یہاں پر حکومت سے مراد صرف اسلامی حکومت ہے کیونکہ پہلے پیراگراف میں جو بات ذکر ہوئی ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ معاشرتی زندگی کے مختلف پہلوئوں اور جہات میں اسلامی احکام و قوانین کا مکمل طور پر اجراء صرف اسی حکومت میں انجام پاسکتا ہے جس کے سربراہان اور مجریان سب اسلام کے قوانین اور تعلیمات سے آگاہ ہوںاور عملی طور پر ان کے پابند ہوں اور اس کی قوہ مقننہ ، اسلامی اصول و قوانین کو حکومت کے قوانین کی بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف کوئی قانون نہ بنائیں ۔
مذکورہ استدلال کو دوسرے الفاظ میں یوں بھی بیان کیا جا سکتا ہے :
۱۔احکامِ اسلامی کی جامعیت
اسلام ایک جامع دین ہے اور اس کے احکام زندگی کے تمام شعبوں چاہے وہ سیاسی ہوں یا معاشرتی پر مشتمل ہیں ۔
۲۔قوانین اسلام کا دائمی اور جاویدانی ہونا :۔ قوانین ِ الٰہی اسلامی فقط امام معصومؑ کے زمانے تک محدود نہیں ہیں بلکہ ہمیشہ کے لیے اور زندہ و جاویدہیں۔
۳ ۔قوانین کا نفاذ اور اسلامی حکومت
اسلام کے معاشرتی اور سیاسی قوانین کے نفاذ کے لیے حکومتی نظام اور سیاسی ادارے انتہائی ناگریز ہیں ان کے بغیر اسلامی احکام کا نفاذ نا ممکن ہے لہٰذااحکامِ الٰہی کے نفاذ کے لیے اسلامی حکومت مقدمہ اور لازمی شرط ہے ۔
۴ ۔واجب کا مقدمہ بھی واجب ہوتا ہے
دین کے سیاسی اور معاشرتی احکام کا نفاذ چونکہ ایک صالح دینی حکومت کے بغیر ناممکن ہے اس لیے ہر دور میں اسلامی حکومت کی تشکیل اور اس کی حفاظت واجب ہے اس بناء پرتمام افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ اسلامی حکومت کے قیام اور اس کی حفاظت کے لیے کوشش کریں اور اس بارے میں کوتاہی اور سستی نہ کریں،اس کے علاوہ اسلامی حکومت کی ضرورت پر اور بھی ادلہ موجود ہیں لیکن اختصار کے پیش ِ نظر اسی پر اکتفا کیا جاتاہے ۔
(حوالہ)
(۱) دیکھئے : امام خمینیؒ ، کتاب البیع ، ج ۲، ص ۴۶۱ ، اوعلی ربانی گلپایگانی ، دین ودولت ، ص ۱۴۵