کردار سے تبلیغ
یہاں ہم فرزندان اسلام سے بالعموم اور محبان حیدر کرارؑ سے بالخصوص گزارش کرتے ہیں کہ خدارا اپنے گریبانوں میں جھانکیں اور اپنی بد اخلاقی اور بے عملی سے اسلام اور مسلمانوں کی بدنامی کا باعث نہ بنیں۔
رسول خدا ﷺ اور آئمہ اہل بیتؑ نے ہمیشہ اپنے کردار سے اسلام کی تبلیغ کی اور آج دنیا آپ کے عمل کو دیکھ رہی ہے۔
آج کا دور جو الیکٹرانک میڈیا اور پریس کی بے پناہ قوت کا دور ہے، دنیا اپنے ذرائع ابلاغ سے آپ کی بد اعمالیوں کو نمایاں کر رہی ہے اور آپ کی بد عملی اسلام کی نشرو اشاعت میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
اگر آج امریکا یایورپ کا رہنے والاکوئی غیر مسلم کسی مسلم ملک میں آئے تو وہاں اسے بازار میں ملاوٹ نظر آئے گی،رشوت اور ہر طرح کی بے اصولی اور بے ایمانی دیکھنے کو ملے گی،ذرا سوچئے کہ وہ شخص آپ کے کردار کو دیکھ کر متاثر ہوگایا اسلام اور مسلمانوں سے متنفر ہوگا؟
ہم تمام مسلمانوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے کردار سے اسلام کے مبلغ بنیں تاکہ کوئی غیر مسلم انہیں دیکھے تو بے ساختہ پکار اٹھے کہ یہ محمدؐ کی تعلیمات کا اثر ہے اور اگر خدانخواستہ آپ اسلام کی نیک نامی کا ذریعہ نہیں بن سکتے تو کم از کم اسلام کی بدنامی کا سبب تو نہ بنیں۔
آج ہر شخص اپنی خود ساختہ مصروفیت کے دلدل میں اس قدر پھنس چکا ہے کہ اس کے پاس قرآن و سنت سے اسلام کو سمجھنے کے لیے وقت ہی نہیں،آج کا انسان اسلام کو سمجھنے کے لیے مسلمان کے کردار کو دیکھتا ہے اور اس کے کردار کو ہی اسلام کی تعلیمات کا عکس سمجھتا تھا،خدارا! آپ اپنے کردار کو سنواریں اور اسلام کی تبلیغ اپنے کردار سے کریں،کہیں قیامت میں رسول خداﷺ آپ سے یہ نہ پوچھ لیں کہ جس دین کی تبلیغ کے لئے میں نے بازاروں میں پتھر کھائے تم نے اپنی بدکرداری سے لوگوں کو اس دین سے دور کیوں کیا؟