اسلامی تعلیمات

وضو

وہ چیزیں جن کے لیے وضو کرنا ضروری ہے

چھ کاموں کے لیے وضو کرنا واجب ہے۔

1۔ واجب نمازوں کے لیے وضو کرنا واجب ہے۔

2۔بھولے ہوئے سجدے اور تشہد کو انجام دینے کے لیے۔

3۔ خانہ کعبہ کے واجب طواف کے لیے۔

4۔ جب کسی نے منت مانی ہو کہ مثلاً قرآن مجید کا بوسہ لوں گا۔ کیونکہ بغیر وضو قرآن مجید کو چھونا حرام ہے اس لیے وضو کرنا لازمی ہے

5۔ وضو کرنے کی نذر کی ہو۔

6۔ نجس شدہ قرآن مجید (خدا نخواستہ) کو پاک کرنے کے لیے۔

طریقہ وضو

وضو کی نیت کے ساتھ دونوں ہاتھوں کو کلائی تک دھوئیں پھر تین مرتبہ کلی کریں پھر تین مرتبہ ناک میں پانی ڈالیں پھر چہرے کو دھوئیں، چہرے کو اس طرح دھوئیں کہ بالوں کے اگنے کی جگہ سے لے کر ٹھوڑی تک لمبائی میں اور چوڑائی میں چہرے کا وہ حصہ دھوئیں جس کو درمیانی انگلی اور انگوٹھا گھیر لے۔ اس کے بعد ہاتھوں کو کہنیوں سے لے کر انگلیوں کے سروں تک دھوئیں پھر سر کے اگلے حصے اور دونوں پاؤں کے اوپر والے حصوں پر مسح کریں۔

وضو کے واجبات

1۔ چہرہ کا دھونا۔

2۔ دونوں ہاتھوں کا کہنیوں تک دھونا۔

3۔ سر کے اگلے حصے کا مسح کرنا۔

4۔ دونوں پاؤں کے اُوپر والے حصے کا مسح کرنا۔

وضو کے مستحبات

1۔ وضو سے پہلے دونوں ہاتھوں کو کلائیوں تک دھونا۔

2۔ تین مرتبہ کلی کرنا۔

3۔ تین مرتبہ ناک میں پانی ڈالنا۔

4۔ مسواک کرنا اگرچہ انگلی سے ہی کیوں نہ ہو۔

5۔ وضو کے تمام افعال کو بجا لاتے وقت وضو کی دعائیں پڑھنا۔

6۔ شروع میں بسم اللہ پڑھنا۔

7۔ وضو کرتے وقت قبلہ رخ ہونا۔

8۔ ہر عضو پر پانی ڈالنے کے لیے چلو داہنے ہاتھ سے لینا۔

9۔ مرد کے لیے مستحب ہے کہ ہاتھ دھوتے وقت پہلی مرتبہ کہنی کی پشت سے ابتدا کرے اور دوسری مرتبہ کہنی کے اندر کی طرف پر پانی ڈالے جبکہ عورت کے لیے اس کے برعکس انجام دینا مستحب ہے۔

10۔ وضو کرنے کی حالت میں سورہ انا انزلنا پڑھنا (دعاؤں کے علاوہ)۔

11۔ وضو کے بعد آیت الکرسی پڑھنا۔

مبطلات وضو

وہ چیزیں جن کی وجہ سے وضو باطل ہو جاتا ہے درج ذیل ہیں:

1۔ پیشاب

2۔پاخانہ

3۔ ہوا کا خارج ہونا

4۔ بے ہوشی

5۔ حدث اکبر یعنی منی وغیرہ خارج ہونا

6۔ ایسی نیند جو کانوں اور آنکھوں پر غالب آ جائے یعنی جس کے سبب انسان نہ سن سکے نہ دیکھ سکے۔