اسلامی تعلیمات

احکام: کورس کا تعارف اور اہداف

تعارف

فقہ یا احکام اسلامی تعلیمات کا وسیع ترین موضوع ہے۔ اسلام وہ جامع ضابطہ حیات ہے کہ جس میں زندگی کے تمام ممکنہ حالات سے متعلق راہنما اصول دیئے گئے ہیں اور کوئی ایسا موقع یا حالت نہیں ہے جس سے متعلق اسلامی احکام خاموش ہوں خصوصاً مکتب اہل البیت علیہم السلام میں کسی انسان کو کسی بھی وقت یا حالت میں پریشانی کا سامنا کرنا ہی نہیں پڑتا۔ لیکن ان تمام راہنما اصولوں کو جوا نسانی زندگی کے تمام ممکنہ حالات کو احاطہ کر رہے ہیں ایک عام انسان خود سے سمجھنے کی استعداد نہیں رکھتا۔ بلکہ زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح اسلامی تعلیمات میں بھی اللہ تعالیٰ کی خاص توفیق یافتہ ہستیاں اپنی زندگی کو صرف کرتی ہیں اور اسلامی تعلیمات کو خود سے بڑی باریک بینی اور احتیاط سے سمجھ کر ہمیں بتانے کی کوشش کرتے ہیں اسی کا نام اجتہاد ہے اور ہم ان کے بتائے ہوئے فرامین پر عمل کرتے ہیں اسی کا نام تقلید ہے۔

اجتہاد اور تقلید دونوں امام زمان علیہ السلام کے دور غیبت میں واجب عمل ہیں۔ اسی غیر معمولی اہمیت کے پیش نظر نئی نسل کو احکام سے آشنا کرنے کے لیے ہم نے بھی اس موضوع کو بڑی اہمیت کے ساتھ اپنے نصاب کا حصہ بنایا ہے۔

یہاں طلبہ کو اسلامی احکام سے آشنائی، تقلید، نجاسات، مطہرات، وضو، نماز، روزہ، احکام اموات وغیرہ کو سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

اہداف

اس کورس کو پڑھنے کے بعد طلبہ ان شاءاللہ:

1۔ اسلامی احکام واجب، حرام، مستحب، مکروہ، مباح وغیرہ اور تقلید کے مسائل کو آسانی کے ساتھ سمجھیں گے۔

2۔ نجاسات و مطہرات کا عملاً خیال رکھیں گے۔

3۔ وضو، غسل، تیمم، جبیرہ اور نماز کے ضروری اور بنیادی احکام کو درست طور پر سمجھیں گے اور عمل پیرا ہوں گے۔

4۔ اجتماعی عبادات جیسی نماز جمعہ، نماز عیدین، نیز احکام اموات، روزہ، احکام مسجد، احکام نگاہ وغیرہ سے آشنا ہوں گے۔

5۔ اسلامی آداب سے روشناس ہوں گے۔