اسلامی تعلیمات

روزہ

اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر صبح صادق سے لے کر مغرب ہونے تک کھانے پینے اور دیگر مبطلات روزہ سے اپنے آپ کو بچا کر رکھنا روزہ کہلاتا ہے۔

مبطلات روزہ

1۔ کھانا اور پینا روزہ کی حالت میں کوئی چیز جان بوجھ کر کھانے اور پینے سے روزہ باطل ہو جاتا ہے۔

2۔ جماع: جماع سے مراد بیوی کے ساتھ ہمبستری کرنا ہے۔ روزے میں جماع کرنے سے روزہ باطل ہو جاتا ہے اور حرام ہے کفارہ بھی واجب ہو جاتا ہے۔

3۔ استمناء: یعنی انسان کا جماع کے علاوہ کسی اور فعل کے ذریعے منی خارج کرنے سے روزہ باطل ہو جاتا ہے لیکن دن کو روزہ دار سو جائے اور احتلام ہو تو روزہ باطل نہیں ہوتا۔

4۔ اللہ تعالیٰ، رسول اکرمؐ اور معصومینؑ پر بہتان باندھنا۔

اگر روزہ دار زبان سے یا لکھ کر یا اشارے سے یا کسی اور طریقے سے اللہ تعالیٰ یا پاک پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم یا آپؑ کے برحق جانشینوں میں سے کسی سے جان بوجھ کر کوئی جھوٹی بات منسوب کرے تو اس کا روزہ باطل ہو جاتا ہے۔ جھوٹی بات منسوب کرنے سے مراد یہ ہے کہ اگر روزہ دار کو معلوم نہ ہو تو حوالہ کے ساتھ بیان کرنا ضروری ہے جیسے روایت بیان کرتے وقت راوی کا نام یا کتاب کا نام لے کر بیان کرے۔

5۔ غبار کو حلق تک پہنچانا: کثیف غبار حلق تک پہنچنے سے روزہ باطل ہو جاتا ہے چاہے کھانے کی چیز حلال ہو جیسے آٹا یا کوئی ایسی چیز ہو کہ جس کا کھانا حرام ہے جیسے مٹی۔

6۔ اذان صبح تک جنابت کی حالت میں رہنا: اگر روزہ دار جان بوجھ کر ماہ رمضان المبارک میں صبح صادق تک غسل نہ کرے تو اس کا روزہ باطل ہے اور کفارہ بھی واجب ہے۔

7۔ قے کرنا: جان بوجھ کر قے کرنے سے روزہ باطل ہو جاتا ہے۔

8۔ حقنہ لینا: سیال چیز سے حقنہ (انیما) اگرچہ بہ امر مجبوری اور علاج کی غرض سے لیا جائے تو روزہ باطل ہو جاتا ہے۔

مکروہات روزہ

روزے دار کے لیے کچھ چیزیں مکروہ ہیں اور ان میں سے بعض یہ ہیں:

1۔ آنکھ میں دوا ڈالنا اور سرمہ لگانا جبکہ اس کا مزہ یا بو حلق میں پہنچے۔

2۔ ہر ایسا کام کرنا جو کمزوری کا باعث ہو مثلا خون دینا اور حمام جانا۔

3۔ ناک میں دوا ڈالنا جب کہ یہ علم نہ ہو کہ حلق تک پہنچے گی اور اگر یہ علم ہو کہ حلق تک پہنچے گی تو اس کا استعمال جائز نہیں ہے۔

4۔ خوشبودار پودوں کا سونگھنا۔

5۔ عورت کا پانی میں بیٹھنا۔

6۔ شیاف استعمال کرنا یعنی کسی خشک چیز سے انیما لینا۔

7۔ جو لباس پہن رکھا ہو اسے تر کرنا۔

8۔ دانت نکلوانا اور ہر وہ کام کرنا جس کی وجہ سے منہ سے خون نکلے۔

9۔ تر لکڑی سے مسواک کرنا۔

10۔ بلاوجہ پانی یا کوئی اور سیال چیز منہ ڈالنا۔