اسلامی تعلیمات

مطہرات

بارہ چیزیں ایسی ہیں جو خود پاک ہیں اور نجاست کو پاک کرتی ہیں۔ انہیں مطہرات کہا جاتا ہے۔

1۔ پانی

پانی چار شرطوں کے ساتھ نجس چیز کو پاک کرتا ہے:

1۔پانی مطلق ہو یعنی اس میں کوئی چیز ملی ہوئی نہ ہو۔

2۔ پانی پاک ہو۔

3۔ نجس چیز کو دھونے کے دوران پانی مضاف نہ بن جائے اس طرح کہ پانی کا رنگ، بو یا ذائقہ تبدیل ہو جائے۔

4۔ نجس چیز کو پانی سے دھونے کے بعد اس میں عین نجاست کے ذرات باقی نہ رہیں۔

نجس برتن کو پاک کیسے کیا جاتا ہے؟

اس کے لیے دو طریقے ہیں:

1۔ برتن کو تین دفعہ بھرا جائے اور ہر دفعہ خالی کر دیا جائے۔

2۔ برتن میں تین دفعہ مناسب مقدار میں پانی ڈالیں اور ہر دفعہ پانی کو یوں گھمائے کہ پانی تمام نجس مقامات تک پہنچ جائے اور پھر اسے گرا دیں۔

نجس کپڑے کو پاک کیسے کیا جاتا ہے؟

کپڑا نجس ہو جائے تو اس کو پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ کپڑے کو اس طرح دھویا جائے کہ اس سے عین نجاست زائل ہو جائے پھر اس کپڑے پر پانی کو اس طرح ڈالا جائے کہ کپڑے کے تمام اطراف تک پہنچ جائے اس کے بعد اس کپڑے کو نچوڑا جائے پھر دوسری بار پانی ڈالا جائے اور پھر نچوڑا جائے تو اس طرح کپڑا پاک ہو گا۔

نجس چیز یا بدن کو پاک کیسے کیا جاتا ہے؟

عین نجاست کو زائل کر دیا جائے اس بدن یا چیز پر پانی کو اس طرح ڈالا جائے کہ اس نجس بدن یا چیز سے پانی بہہ جائے۔

2۔ زمین

زمین پاؤں کے تلوے اور جوتے کے نچلے حصے کو چار شرطوں سے پاک کرتی ہے۔

1۔زمین پاک ہو۔

2۔ زمین خشک ہو۔

3۔ پاؤں یا جوتے کی نجاست زمین سے لگی ہو۔

4۔ نجاست زمین پر چلنے یا رگڑنے سے دور ہو جائے۔

3۔ سورج

سورج زمین، عمارات، اور دیواروں کو درج ذیل شرائط کے ساتھ پاک کرتا ہے:

1۔ نجس چیز تر ہو۔

2۔عین نجاست زائل ہو جائے۔

3۔ نجس چیز پر دھوپ پڑنے میں کوئی چیز رکاوٹ نہ ہو۔

4۔ فقط سورج ہی نجس چیز کو خشک کرے۔

4۔ استحالہ

استحالہ کا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی نجس چیز کی جنس تبدیل ہو کر کسی پاک چیز کی شکل اختیار کرے تو وہ نجس چیز پاک ہو جاتی ہے۔ مثلاً: کتے کا نمک کی کان میں گر کر نمک میں تبدیل ہو جانا۔

5۔ انتقال

اگر انسان یا خونِ جہندہ (یعنی اچھلنے والا خون) رکھنے والے حیوان کا خون کوئی ایسا حیوان چوس لے جو عرفاً خون نہیں رکھتا تو وہ پاک ہو جاتا ہے اور اسے انتقال کہا جاتا ہے۔ مثلاً: مچھر انسان کے بدن سے خون چوسے تو وہ خون (جو مچھر کے بدن سے بعد میں نکلے) پاک ہو جاتا ہے۔

6۔ اسلام

اگر کوئی کافر شہادتین (کلمہ طیبہ) پڑھ لے تو وہ مسلمان اور وہ پاک ہو جاتا ہے۔

7۔ تبعیت

نجس چیز کسی دوسری چیز کے پاک ہونے کے ساتھ پاک ہو جائے۔ اگر کوئی نجس چیز دھو رہے ہوں تو جب وہ پاک ہو جائے تو ہاتھ خود بخود پاک ہو جائیں گے۔

8۔ عین نجاست کا دور ہونا

اگر کسی جانور کا جسم کسی نجس مٹی یا کسی نجس چیز سے آلودہ ہو جائے تو جب وہ نجاست زائل ہو جائے گی تو جانور کا بدن پاک ہو جائے گا۔

9۔نجاست خور حیوان کا استبراء

اگر کسی جانور کو انسانی نجاست کھانے کی عادت پڑ جائے تو اس کو مخصوص مدت کے لیے اس عمل سے دور رکھا جائے۔ مثلاً: گائے کو بیس 20 دن، بھیڑ کو دس 10 دن اور پالتو مرغی کو تین دن تک انسانی نجاست نہ کھانے دی جائے اور اس کو پاک غذا کھلائی جائے تو اس کا پسینہ پاک ہے۔

10۔مسلمان کا غائب ہو جانا

اگر ایک مسلمان کسی جگہ سے چلا جائے تو وہاں موجود اس کے لباس اور برتن وغیرہ اشیاء کو پاک سمجھا جائے گا۔ کیونکہ مسلمان طہارت و نجاست کا عام طور پر خیال رکھتے ہیں۔ لہٰذا یہی سمجھا جائے گا کہ اس کا سامان پاک ہے۔

11۔ انقلاب

جب شراب خود بخود یا کسی طریقے سے تبدیل ہو کر سرکہ بن جائے تو پاک ہو جاتی ہے اسی طرح شیرہ انگور بھی سرکہ میں تبدیل ہو جائے تو وہ بھی پاک ہو جاتا ہے۔ اس عمل کو انقلاب کہتے ہیں۔

12۔ ذبیحہ حیوان کے بعد بدن سے خون کا نکل جانا

کسی جانور کو شرعی طریقے سے ذبح کرنے کے بعد اس کے بدن سے معمول کے مطابق خون نکل جائے تو جو خون اس کے بدن میں باقی رہ جائے وہ پاک ہے۔