اسلامی تعلیمات

قرآنیات: کورس کا تعارف اور اہداف

کورس کا تعارف

قرآن مجید وہ عظیم سرمایہ ہے جو قیامت تک کے انسانوں کے لیے ذخیرہ ہدایت و سعادت ہے۔ قرآن مجید سے ہٹ کر کوئی انسان ہدایت و سعادت حاصل نہیں کر سکتا۔ قرآن مجید ضابطہ حیات ہے۔ ہر انسان کی استعداد کے مطابق قرآن مجید ہدایت کا راستہ واضح کرتا ہے۔ قرآن اگرچہ جامع العلوم ہے اور علم و حکمت کا بحر بیکراں ہے لیکن بنیادی طور پر ہدایت کی کتاب ہے۔ قرآن مجید کی تفسیر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت اور آپ کے جانشین ائمہ معصومین علیہم السلام کے فرامین اور عملی سیرت سے ہی ممکن ہے۔ اسی لیے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ثقلین سے تمسک کی بار بار تاکید فرمائی ہے کیونکہ قرآن کلام صامت ہے اور ائمہ اہل بیت علیہم السلام قرآن ناطق اور قرآن کی عملی تفسیر ہیں قرآن مجید کی اسی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم بچوں کے لیے قرآنیات کا موضوع متعارف کرا رہے ہیں۔ اس میں تعارف قرآن، تعلیماتِ قرآن نیز قرآن اور اہل بیت علیہم السلام کے درمیان رشتے کو طلبہ کے لیے دلچسپ انداز میں واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اساتذہ کرام! طلبہ کو کورس میں موجود قرآنی آیات کو ترجمہ سمیت حفظ کرائیں۔

کورس کے اہداف

اس کورس کو پڑھنے کے بعد طلبہ ان شاء اللہ:

٭ قرآن مجید کا تعارف، فضائل و آداب تلاوت وغیرہ سے مکمل آشنا ہو جائیں گے۔

٭ قرآنی تعلیمات، قرآن مجید و اہل بیت علیہم السلام کے درمیان موجود ارتباط کو سمجھیں گے۔

٭ قرآنی تعلیمات کی جامعیت اور جاذبیت سے روشناس ہوں گے۔

٭ قرآن مجید سے متعلق ایک حد تک معلومات سے آشنا ہوں گے۔

٭ قرآن مجید کو ضابطہ حیات بنانے کے لیے عملاً آمادہ ہوں گے۔