Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت امام علی نے فرمایا، ایمان (گویا) ایک درخت ہے یقین جس کی جڑ ، تقویٰ جس کی شاخ، حیا جس کا زیور اور سخاوت جس کا پھل ہوتا ہے غررالحکم حدیث 1786
پچیسویں دعا

25۔ اولاد کے حق میں حضرت کی دعا

اے میرے معبود ! میری اولاد کی بقا اور ان کی اصلاح اور ان سے بہرہ مندی کے سامان مہیا کر کے مجھے ممنون احسان فرما۔
اور میرے سہارے کے لیے ان کی عمروں میں برکت اور زندگیوں میں طول دے اور ان میں سے چھوٹوں کی پرورش فرما اور کمزوروں کو توانائی دے اور ان کی جسمانی، ایمانی اور اخلاقی حالت کو درست فرما اور ان کے جسم و جان اور ان کے دوسرے معاملات میں جن میںمجھے اہتمام کرنا پڑے، انہیں عافیت سے ہمکنار رکھ اور میرے لیے اور میرے ذریعہ ان کے لیے رزق فراواں جاری کر اور انہیں نیکوکار، پرہیزگار، روشن دل، حق نیوش اور اپنا فرمانبردار اور اپنے دوستوں کا دوست و خیر خواہ اور اپنے تمام دشمنوں کا دشمن و بدخواہ قرار دے۔ آمین۔
اے اللہ! ان کے ذریعہ میرے بازوؤں کو قوی اور میری پریشان حالی کی اصلاح اور ان کی وجہ سے میری جمعیت میں اضافہ اور میری مجلس کی رونق دوبالا فرما
اور ان کی بدولت میرا نام زندہ رکھ اور میری عدم موجودگی میں انہیں میرا قائم مقام قرار دے اوران کے وسیلہ سے میری حاجتوں میں میری مدد فرما اور انہیں میرے لیے دوست، مہربان، ہمہ تن متوجہ ،ثابت قدم اور فرمانبردار قرار دے ۔ وہ نافرمان ، سرکش، مخالف و خطاکار نہ ہوں اور ان کی تربیت و تادیب اور ان سے اچھے برتاؤ میں میری مدد فرما اور ان کے علاوہ بھی انہیںمیرے لیے سراپا خیر و برکت قرار دے اور انہیںان چیزوں میں جن کا میں طلبگار ہوں میرا مدد گار بنا اور مجھے اور میری ذریت کو شیطان مردود سے پناہ دے۔ اس لیے کہ تو نے ہمیں پیدا کیا اور امر و نہی کی اور جو حکم دیا اس کے ثواب کی طرف راغب کیا اور جس سے منع کیا اس کے عذاب سے ڈرایا ۔
اور ہمارا ایک دشمن بنایا جو ہم سے مکرکرتا ہے اور جتنا ہماری چیزوں پر اسے تسلط دیا ہے، اتنا ہمیں اس کی کسی چیز پر تسلط نہیں دیا۔ اس طرح کہ اسے ہمارے سینوں میں ٹھہرا دیا اور ہمارے رگ وپے میں دوڑا دیا ۔ ہم غافل ہو جائیں مگر وہ غافل نہیںہوتا۔ ہم بھول جائیں مگر وہ نہیں بھولتا۔ وہ ہمیں تیرے عذاب سے مطمئن کرتا اور تیرے علاوہ دوسروں سے ڈراتا ہے۔ اگر ہم کسی برائی کا ارادہ کرتے ہیں تو وہ ہماری ہمت بندھاتا ہے اور اگر کسی عمل خیر کاارادہ کرتے ہیں تو ہمیں اس سے باز رکھتا ہے اور گناہوں کی دعوت دیتا ہے اور ہمارے سامنے شبہے کھڑے کر دیتا ہے اگر وعدہ کرتا ہے تو جھوٹا اور امید دلاتا ہے تو خلاف ورزی کرتا ہے۔ اگر تو اس کے مکر کو نہ ہٹائے تو وہ ہمیں گمراہ کرکے چھوڑے گا اور اس کے فتنوں سے نہ بچائے تو وہ ہمیں ڈگمائے گا۔
خدایا! اس لعین کے تسلط کو اپنی قوت و توانائی کے ذریعہ ہم سے دفع کر دے اور کثرت دعا کے وسیلہ سے اسے ہماری راہ ہی سے ہٹا دے تاکہ ہم اس کی مکاریوں سے محفوظ ہوجائیں۔
اے اللہ ! میری درخواست کو قبول فرما اورمیری حاجتیں برلا اور جب کہ تو نے استجابت دعا کا ذمہ لیا ہے تو میری دعا کو اپنی بارگاہ سے روک نہ دے اور جن چیزوں سے میرا دینی و دنیوی مفاد وابستہ ہے ان کی تکمیل سے مجھ پر احسان فرما ۔ جو یاد ہوں اورجو بھول گیا ہوں، ظاہر کی ہوں، یا پوشیدہ رہنے دی ہوں، علانیہ طلب کی ہوں یا درپردہ،
ان تمام صورتوں میں اس وجہ سے کہ تجھ سے سوال کیاہے ( نیت و عمل کی ) اصلاح کرنے والوں اور اس بنا پر کہ تجھ سے طلب کیا ہے، کامیاب ہونے والوں اور اس سبب سے کہ تجھ پر بھروسہ کیاہے، غیر مسترد ہونے والوں میں سے قرار دے اور (ان لوگوں میں شمار کر ) جو تیرے دامن میں پناہ لینے کے خوگر، تجھ سے بیوپار میں فائدہ اٹھانے والے اور تیرے دامن عزت میں پناہ گزیں ہیں۔ جنہیں تیرے ہمہ گیر فضل اورجو د و کرم سے رزق حلال میں فراوانی حاصل ہوئی ہے اور تیری وجہ سے ذلت سے عزت تک پہنچے ہیں اور تیرے عدل و انصاف کے دامن میں ظلم سے پناہ لی ہے اور رحمت کے ذریعہ بلا و مصیبت سے محفوظ ہیں اور تیری بے نیازی کی وجہ سے فقیر سے غنی ہوچکے ہیں اور تیرے تقوےٰ کی وجہ سے گناہوں، لغزشوں اور خطاؤں سے معصوم ہیں اور تیری اطاعت کی وجہ سے خیرو رشد و صواب کی توفیق انہیں حاصل ہے اور تیری قدرت سے ان کے اور گناہوں کے درمیان پردہ حائل ہے اور جو تمام گناہوں سے دست بردار اور تیرے جواِ رحمت میں مقیم ہیں۔
بارالٰہا! اپنی توفیق و رحمت سے یہ تمام چیزیں ہمیں عطا فرما اور دوزخ کے آزار سے پناہ دے اور جن چیزوں کا میں نے اپنے لیے اور اپنی اولاد کے لیے سوال کیا ہے ایسی ہی چیزیں تمام مسلمین و مسلمات اورمؤمنین ومومنات کو دنیا و آخرت میں مرحمت فرما ۔ اس لیے کہ تُو نزدیک اور دُعا کا قبول کرنے والا ہے ، سننے والا اور جاننے والا ہے ،معاف کرنے والا اور بخشنے والا اور شفیق و مہربان ہے۔ اور ہمیں دُنیا میں نیکی (توفیق عبادت) اورآخرت میں نیکی (بہشت جاوید) عطا کر ، اور دوزخ کے عذاب سے بچائے رکھ۔

 

 

 

فہرست صحیفہ کاملہ