Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت امام علی نے فرمایا، توبۃ النصوح یہ ہے کہ : گناہ کرنے کے بعد دل میں اس پر پشیمانی ہو، زبان پر اس کے لیے استغفار ہو اور دل میں یہ پختہ ارادہ ہو کہ پھر ایسا نہیں کرے گا۔ بحارالانوار کتاب الروضۃ باب16 حدیث66
پندرہویں دعا

15۔ مرض کے دفعیہ کی دعا

اے معبود! تیرے ہی لئے حمد و سپاس ہے اس صحت و سلامتی بدن پر جس میں ہمیشہ زندگی بسر کرتا رہا اور تیرے ہی لیے حمد و سپاس ہے اس مرض پر جو اب میرے جسم میں تیرے حکم سے رونما ہوا ہے۔ اے معبود! مجھے نہیں معلوم کہ ان دونوں حالتوں میں سے کون سی حالت پر تو شکریہ کا زیادہ مستحق ہے اور ان دونوں وقتوں میں سے کون سا وقت تیری حمد و ستائش کے زیادہ لائق ہے۔ آیا صحت کے لمحے جن میں تو نے اپنی پاکیز ہ روزی کو میرے لیے خوشگوار بنایااور اپنی رضا و خوشنودی اور فضل و احسان کے طلب کی امنگ میرے دل میں پیدا کی اور اس کے ساتھ اپنی اطاعت کی توفیق دے کر اس سے عہدہ برآ ہونے کی قوت بخشی یا یہ بیماری کا زمانہ، جس کے ذریعے میرے گناہوں کو دور کیا اور نعمتوں کے تحفے عطا فرمائے تاکہ ان گناہوں کا بوجھ ہلکا کر دے جو میری پیٹھ کو گراں بار بنائے ہوئے ہیں اور ان برائیوں سے پاک کر دے جن میں ڈوبا ہوا ہوں اور توبہ کرنے پر متنبہ کر دے اور گزشتہ نعمت ( تندرستی) کی یادہانی سے (کفرانِ نعمت کے) گناہ کو محو کر دے اور اس بیماری کے اثنا میں کاتبانِ اعمال میرے لیے وہ پاکیزہ اعمال بھی لکھتے رہے جن کا نہ دل میں تصور ہوا تھا نہ زبان پر آئے تھے اور نہ کسی عضو نے اس کی تکلیف گوارہ کی تھی۔ یہ صرف تیرا تفضل و احسان تھا جو مجھ پر ہوا۔
اے اللہ! رحمت نازل فرما محمد اور ان کی آل پر اور جو کچھ تو نے میرے لیے پسند کیا ہے، وہی میری نظروں میں پسندیدہ قرار دے اور جو مصیبت مجھ پر ڈال دی ہے اسے سہل و آسان کر دے اور مجھے گزشتہ گناہوں کی آلائش سے پاک اور سابقہ برائیوں کو نیست و نابود کر دے اور تندرستی کی لذت سے کامران اور صحت کی خوشگواری سے بہرہ اندوز کر اورمجھے اس بیماری سے چھڑا کر اپنے عفو کی جانب لے آ اور اس حالت اُفتادگی سے بخشش و درگزر کی طرف پھیر دے اور اس بے چینی سے نجات دے کر اپنی راحت تک اور اس شدت و سختی کو دور کر کے کشائش و وسعت کی منزل تک پہنچا دے۔ اس لیے کہ تو بے استحقاق احسا ن کرنے والا اور گرانبہا نعمتیں بخشنے والا ہے اور تو ہی بخشش و کرم کا مالک اور عظمت و بزرگی کا سرمایہ دار ہے۔

 

 

 

فہرست صحیفہ کاملہ