Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت امام علی نے فرمایا، ایثار، شریف ترین عظمت ہے غررالحکم حدیث916
پینتیسویں دعا

35۔ رضائے الہی پر خوش رہنے کی دعا

اللہ تعالیٰ کے حکم پر رضا و خوشنودی کی بنا پر اللہ تعالیٰ کے لیے حمد و ستائش ہے۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اس نے اپنے بندوں کی روزیاں آئین عدل کے مطابق تقسیم کی ہیں اور تمام مخلوقات سے فضل و احسان کا رویہ اختیار کیا ہے۔
اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے ان چیزوں سے جو دوسروں کو دی ہیں آشفتہ و پریشان نہ ہونے دے کہ میں تیری مخلوق پر حسد کروں اور تیرے فیصلہ کو حقیر سمجھوں اور جن چیزوں سے مجھے محروم رکھا ہے انہیں دوسروں کے لیے فتنہ و آزمائش نہ بنا دے۔ (کہ وہ ازرو ئے غرور مجھے بہ نظر حقارت دیکھیں)
اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے اپنے فیصلہ قضا و قدر پر شادماں رکھ اور اپنے مقدرات کی پذیرائی کے لیے میرے سینہ میں وسعت پید ا کر دے اور میرے اندر وہ روح اعتماد پھونک دے کہ میں یہ اقرار کروں کہ تیرا فیصلہ قضا و قدر و خیر و بہبودی کے ساتھ نافذ ہوا ہے اور ان نعمتوں پر ادائے شکر کی بہ نسبت جو مجھے عطا کی ہیں ان چیزوں پر میرے شکریہ کو کا مل و فزوں تر قرار دے جو مجھ سے روک لی ہیں اور مجھے اس سے محفوظ رکھ کہ میں کسی نادار کو ذلت و حقارت کی نظر سے دیکھوں یا کسی صاحب ثروت کے بارے میں (اس ثروت کی بنا پر) فضیلت و برتری کا گمان کروں۔ اس لیے کہ صاحب شرف و فضیلت وہ ہے جسے تیری اطاعت نے شرف بخشا ہو اور صاحب عزت وہ ہے جسے تیری عبادت نے عزت و سربلندی دی ہو۔
اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت ناز ل فرما اور ہمیں ایسی ثروت و دولت سے بہرہ اندوز کر جو ختم ہونے والی نہیں اور ایسی عزت و بزرگی سے ہماری تائید فرما جو زائل ہونے والی نہیں اور ہمیں ملک جاوداں کی طرف رواں دواں کر ۔ بیشک تو یکتا و یگانہ اور ایسا بے نیاز ہے کہ نہ تیری کوئی اولاد ہے اور نہ تو کسی کی اولاد ہے اور نہ تیرا کوئی مثل و ہمسر ہے۔

 

 

 

فہرست صحیفہ کاملہ