Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت امام علی نے فرمایا، مجھے بخیل پر تعجب ہوتا ہے کہ جس غربت سے وہ بچنا چاہتا ہے بڑی تیزی کے ساتھ اُسی کی طرف جارہا ہوتا ہے اور جس تونگری کا وہ طلبگار ہوتا ہے اُسی کو کھودیتا ہے۔ غررالحکم حدیث 8373
گیارہویں دعا

11۔ انجام بخیر ہونے کی دعا

اے وہ ذات! جس کی یاد ، یاد کرنے والوں کے لیے سرمایہ عزت ، اے وہ جس کا شکر، شکر گزاروں کے لیے وجہ کامرانی، اے وہ جس کی فرمانبرداری فرمانبرداروں کے لیے ذریعہ نجات ہے۔ رحمت ناز ل فرما محمد اوران کی آل پر اور ہمارے دلوں کو اپنی یاد میں اور ہماری زبانوں کو اپنے شکریہ میں اورہمارے اعضاء کو اپنی فرمانبرداری میں مصروف رکھ کر ہر یاد، ہر شکر یہ اور ہر فرمانبرداری سے بے نیاز کر دے اور اگر تو نے ہماری مصروفیتوں میں کوئی فراغت کا لمحہ رکھا ہے تو اسے سلامتی سے ہمکنار کر، اس طرح کہ نتیجہ میں کوئی گناہ دامن گیر نہ ہو اور نہ خستگی رونما ہو تاکہ برُائیوں کو لکھنے والے فرشتے اس طرح پلٹیں کہ نامہ اعمال برائیوں کے ذکر سے خالی ہو اور نیکیوں کو لکھنے والے فرشتے ہماری نیکیوں کو لکھ کر مسرور و شاداں واپس ہوں اور جب ہماری زندگی کے دن بیت جائیں اور سلسلۂ حیات قطع ہوجائے اور تیری بارگاہ میں حاضر ہونے کا بلاوا آئے، جسے بہرحال آنا اور جس پر بہر صورت لبیک کہنا ہے تو محمد اور ان کی آل پر رحمت ناز ل فرما اور ہمارے کاتبان اعمال ہمارے جن اعمال کا شمار کریں، ان میں آخری عمل مقبول توبہ کو قرار دے کہ اس کے بعد ہمارے گناہوں اورہماری ان معصیتوں پر جن کے ہم مرتکب ہوئے ہیں سرزنش نہ کرے اور جب اپنے بندوں کے حالات جانچے تو اس پردہ کو جو تو نے ہمارے گناہوں پر ڈالا ہے سب کے رو برو چاک نہ کرے ۔ بے شک جو تجھے بلائے تو اس پر مہربانی کرتا ہے اور جو تجھے پکارے تو اس کی سنتا ہے۔

 

 

 

فہرست صحیفہ کاملہ