Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت امام علی نے فرمایا، جو جابر بننے کی کوشش کر ے گا، اس کی گردن توڑ کر رکھ دی جائے گی۔ غررالحکم حدیث7163
بِیسویں دعا

20۔ پاکیزہ اخلاق سے آراستگی کی دعا

بارِالٰہا! محمداور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور میرے ایمان کو کامل ترین ایمان کی حد تک پہنچا دے اور میرے یقین کو بہترین یقین قرار دے اور میری نیت کو پسندیدہ ترین نیت اور میرے اعمال کو بہترین اعمال کے پایہ تک بلند کر دے۔
خداوندا! اپنے لطف سے میری نیت کو خالص و بے ریااور اپنی رحمت سے میرے یقین کو استوار اور اپنی قدرت سے میری خرابیوں کی اصلاح کر دے۔
بارِالٰہا! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے ان مصروفیتوں سے جو عبادت میں مانع ہیں بے نیاز کر دے اور انہی چیزوں پر عمل پیرا ہونے کی توفیق دے جن کے بارے میں مجھ سے کل کے دن سوال کرے گا اور میرے ایام زندگی کو غرض خلقت کی انجام دہی کے لیے مخصوص کر دے اور مجھے (دوسروں سے ) بے نیاز کر دے اور میرے رزق میں کشائش و وسعت عطا فرما۔ احتیاج و دست نگری میں مبتلا نہ کر۔ عزت و توقیر دے، کبر و غرور سے دو چار نہ ہونے دے۔ میرے نفس کو بندگی و عبادت کے لیے رام کر اور خودپسندی سے میری عبادت کو فاسد نہ ہونے دے اور میرے ہاتھوں سے لوگوں کو فیض پہنچا اور اسے احسان جتانے سے رائیگاں نہ ہونے دے۔ مجھے بلند پایہ اخلاق مرحمت فرما اور غرور اور تفاخر سے محفوظ رکھ۔
بارالٰہا!محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور لوگو ں میں میرا درجہ جتنا بلند کرے اتنا ہی مجھے خود اپنی نظروں میں پست کر دے اور جتنی ظاہری عزت مجھے دے اتنا ہی میرے نفس میں باطنی بے وقعتی کا احساس پیدا کر دے۔
بارِالٰہا! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے ایسی نیک ہدایت سے بہرہ مند فرما کہ جسے دوسری چیزسے تبدیل نہ کروں اور ایسے صحیح راستہ پر لگا جس سے کبھی منہ نہ موڑوں اور ایسی پختہ نیت دے جس میں ذرا شبہ نہ کروں اور جب تک میری زندگی تیری اطاعت و فرمانبرداری کے کام آئے مجھے زندہ رکھ اور جب وہ شیطان کی چراگاہ بن جائے تو اس سے پہلے کہ تیری ناراضگی سے سابقہ پڑے یا تیرا غضب مجھ پر یقینی ہوجائے، مجھے اپنی طرف اٹھا لے۔
اے معبود! کوئی ایسی خصلت جو میرے لیے معیوب سمجھی جاتی ہو اس کی اصلاح کئے بغیر نہ چھوڑ اور کوئی ایسی بری عادت جس پر میری سرزنش کی جا سکے، اسے درست کئے بغیر نہ رہنے دے اور جو پاکیزہ خصلت ابھی مجھ میں ناتمام ہو، اسے تکمیل تک پہنچا دے ۔
اے اللہ! رحمت نازل فرما محمد اور ان کی آل پر اور میری نسبت کینہ توز دشمنوں کی دشمنی کو الفت سے، سرکشوں کے حسد کو محبت سے، نیکوں سے بے اعتمادی کو اعتماد سے، قریبیوں کی عداوت کو دوستی سے، عزیزوں کی قطع تعلقی کو صلہ رحمی سے، قرابتداروں کی بے اعتنائی کو نصرت و تعاون سے، خوشامدیوں کی ظاہری محبت کو سچی محبت سے اور ساتھیوں کے اہانت آمیز برتاؤ کو حسن معاشرت سے اور ظالموں کے خوف کی تلخی کو امن کی شیرینی سے بدل دے ۔
خداوندا! رحمت ناز ل فرما محمد اور ان کی آل پر اور جو مجھ پر ظلم کرے اس پر مجھے غلبہ دے۔ جو مجھ سے جھگڑا کرے اس کے مقابلہ میں زبان ( حجت شکن ) دے۔ جو مجھ سے دشمنی کرے اس پر مجھے فتح و کامرانی بخش۔ جو مجھ سے مکر کرے اس کے مکر کا توڑ عطا کر۔ جو مجھے دبائے اس پر قابو دے۔ جو میری بدگوئی کرے اسے جھٹلانے کی طاقت دے اور جو ڈرائے دھمکائے، اس سے مجھے محفوظ رکھ ۔ جو میری اصلاح کرے اس کی اطاعت اور جو راہ راست دکھائے اس کی پیروی کی توفیق فرما۔
اے اللہ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے اس امر کی توفیق دے کہ جو مجھ سے غش و فریب کرے میں اس کی خیر خواہی کروں، جو مجھے چھوڑ دے اس سے حسن سلوک سے پیش آؤں، جو مجھے محروم کرے اسے عطا و بخشش کے ساتھ عوض دوں اور جو قطع رحمی کرے اسے صلہ رحمی کے ساتھ بدلہ دوں اور جو پس پشت میری برائی کرے میں اس کے بر خلاف اس کا ذکر خیر کروں اور حسن سلوک پر شکریہ بجالاؤں اور بدی سے چشم پوشی کروں۔
بارالٰہا! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور عدل کے نشر، غصہ کے ضبط اور فتنہ کے فروکرنے، متفرق و پراگندہ لوگوں کو ملانے، آپس میں صلح صفائی کرانے، نیکی کے ظاہر کرنے، عیب پر پردہ ڈالنے ، نرم خوئی و فروتنی اور حسن سیرت کے اختیار کرنے، رکھ رکھاؤ رکھنے، حسن اخلاق سے پیش آنے، فضیلت کی طرف پیش قدمی کرنے، تفصیل واحسان کو ترجیح دینے، خوردہ گیری سے کنارہ کرنے اور غیر مستحق کے ساتھ حسن سلوک کے ترک کرنے اور حق بات کے کہنے میں اگرچہ وہ گراں گزرے اور اپنی گفتار و کردار کی بھلائی کو کم سمجھنے میں اگرچہ وہ زیادہ ہو اور اپنے قول وعمل کی برائی کو زیادہ سمجھنے میں اگرچہ وہ کم ہو،مجھے نیکوکاروں کے زیور اور پرہیزگاروں کی سج دھج سے آراستہ کر اور ان تمام چیزوں کو دائمی اطاعت اور جماعت سے وابستگی اور اہل بدعت اور ایجاد کردہ رایوں پر عمل کرنے والوں سے علیحدگی کے ذریعہ پایۂ تکمیل تک پہنچائے۔
بارِالٰہا! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور جب میں بوڑھا ہوجاؤں تو اپنی وسیع روزی میرے لیے قرار دے اور جب عاجز و درماندہ ہوجاؤں تو اپنی قوی طاقت سے مجھے سہارا دے اور مجھے اس بات میں مبتلا نہ کر کہ تیری عبادت میںسستی و کوتاہی کروں،تیری راہ کی تشخیص میں بھٹک جاؤں، تیری محبت کے تقاضوں کی خلاف ورزی کروں اور جو تجھ سے متفرق و پراگندہ ہوںان سے میل جول رکھوں اور جو تیری جانب بڑھنے والے ہیں ان سے علیحدہ رہوں۔
خداوندا ! مجھے ایسا قرار دے کہ ضرورت کے وقت تیرے ذریعہ حملہ کروں، حاجت کے وقت تجھ سے سوال کروںاور فقرو احتیاج کے موقع پر تیرے سامنے گڑگڑاؤں اور اس طرح مجھے نہ آزمانا کہ اضطرار میں تیرے غیر سے مدد مانگوں اور فقر و ناداری کے وقت تیرے غیر کے آگے عاجزانہ درخواست کروں اور خوف کے موقع پر تیرے سوا کسی دوسرے کے سامنے گڑگڑاؤں کہ تیری طرف سے محرومی، ناکامی اور بے اعتنائی کا مستحق قرار پاؤں۔ اے تمام رحم کرنے والوں میں سے سب سے زیادہ رحم کرنے والے۔
خدایا! جو حرص، بدگمانی اور حسد کے جذبات شیطان میرے دل میں پیدا کرے انہیں اپنی عظمت کی یاد، اپنی قدرت میں تفکر اور دشمن کے مقابلہ میں تدبیر و چارہ سازی کے تصورات سے بدل دے اور فحش کلامی یا بیہودہ گوئی، یا دشنام طرازی یا جھوٹی گواہی یا غائب مومن کی غیبت یا موجود سے بد زبانی اور اس قبیل کی جو باتیں میری زبان پر لانا چاہے،انہیںاپنی حمد سرائی، مدح میں کوشش و انہماک، تمجید و بزرگی کے بیان، شکر نعمت و اعتراف احسان اور اپنی نعمتوں کے شمار سے تبدیل کر دے۔
اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھ پر ظلم نہ ہونے پائے جب کہ تو اس کے دفع کرنے پر قادر ہے اور کسی پر ظلم نہ کروں جب کہ تو مجھے ظلم سے روک دینے کی طاقت رکھتا ہے اور گمراہ نہ ہو جاؤں جب کے میری رہنمائی تیرے لیے آسان ہے اور محتاج نہ ہوں جبکہ میری فارغ البالی تیری طرف سے ہے اور سرکش نہ ہو جاؤں جب کہ میری خوشحالی تیری جانب سے ہے۔
بارالٰہا ! میں تیری مغفرت کی جانب آیا ہوں اور تیری معافی کا طلب گار اور تیری بخشش کا مشتاق ہوں۔ میں صرف تیرے فضل پر بھروسا رکھتا ہوں اور میرے ؂ؔپاس کوئی چیز ایسی نہیں ہے جو میرے لیے مغفرت کا باعث بن سکے اور نہ میرے عمل میں کچھ ہے کہ تیرے عفو کا سزاوار قرار پاؤں اور اب اس کے بعد کہ میں خود ہی اپنے خلاف فیصلہ کرچکا ہوں تیرے فضل کے سوا میرا سرمایہ امید کیا ہو سکتا ہے۔ لہذا محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل کر اور مجھ پر تفضل فرما۔
خدایا! مجھے ہدایت کے ساتھ گویا کر، میرے دل میں تقوٰی و پرہیزگاری کا القاء فرما، پاکیزہ عمل کی توفیق دے، پسندیدہ کام میں مشغول رکھ۔
خدایا مجھے بہترین راستہ پر چلا اور ایسا کر کہ تیرے دین و آئین پر مروں اور اسی پر زندہ رہوں ۔
اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے (گفتار و کردار میں) میانہ روی سے بہرہ مند فرما اور درست کاروںاور ہدایت کے رہنماؤں اور نیک بندوں میں سے قرار دے اور آخرت کی کا میابی اور جہنم سے سلامتی عطا کر۔
خدایا! میرے نفس کا ایک حصہ اپنی (ابتلا و آزمائش کے) لیے مخصوص کر دے تاکہ اسے (عذاب سے ) رہائی دلا سکے اور ایک حصہ کہ جس سے اس کی (دنیوی ) اصلاح و درستی وابستہ ہے، میرے لیے رہنے دے کیونکہ میرا نفس تو ہلاک ہونے والا ہے مگر یہ کہ تو اسے بچا لے جائے۔
اے اللہ! اگر میں غمگین ہوں تو میرا ساز و سامان ( تسکین) تو ہے۔ اوراگر ( ہر جگہ سے ) محروم رہوں تو میری امید گاہ تو ہے اور اگر مجھ پر غموں کا ہجوم ہو توتجھ ہی سے دادو فریاد ہے۔ جو چیز جا چکی، اس کا عوض اور جوشے تباہ ہوگئی اس کی درستی اور جسے تو ناپسند کرے اس کی تبدیلی تیرے ہاتھ میںہے۔ لہذا بلا کے نازل ہونے سے پہلے عافیت، مانگنے سے پہلے خوشحالی اور گمراہی سے پہلے ہدایت سے مجھ پر احسان فرما اور لوگوں کی سخت و درشت باتوں کے رنج سے محفوظ رکھ اور قیامت کے دن امن و اطمینان عطا فرما اور حسن ہدایت و ارشاد کی توفیق مرحمت فرما۔
اے اللہ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور اپنے لطف سے (برائیوں کو) مجھ سے دور کر دے اور اپنی نعمت سے میری پرورش اور اپنے کرم سے میری اصلاح فرما اور اپنے فضل و احسان سے (جسمانی و نفسانی امراض سے) میرا مداوا کر۔مجھے اپنی رحمت کے سایہ میں جگہ دے اور اپنی رضامندی میں ڈھانپ لے اورجب امور مشتبہ ہوجائیں تو جو ان میں زیادہ قرین صواب ہو اور جب اعمال میں اشتباہ واقع ہوجائے تو جو ان میں پاکیزہ تر ہو اور جب مذاہب میں اختلاف پڑ جائے تو جو ان میں پسندیدہ تر ہو، اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرما۔
اے اللہ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے بے نیازی کا تاج پہنا اور متعلقہ کاموں کو احسن طریق سے انجام دینے پرمامور فرما اور ایسی ہدایت سے سرفراز فرما جو دوام و ثبات لیے ہوئے ہو اور غنا و خوشحالی سے مجھے بے راہ نہ ہونے دے اور آسودگی و آسائش عطا فرما اور زندگی کو سخت دشوار نہ بنا دے۔ میری دعا کو ردنہ کر کیونکہ میں کسی کو تیرا مد مقابل نہیں قرار دیتا اور نہ تیرے ساتھ کسی کو تیرا ہمسر سمجھتے ہوئے پکارتا ہوں۔
اے اللہ! محمد اور ا ن کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے فضول خرچی سے باز رکھ اور میری روزی کو تباہ ہونے سے بچا اور میرے مال میں برکت دے کر اس میں اضافہ کر اور مجھے اس میں سے امور خیر میں خرچ کرنے کی وجہ سے راہ حق و صواب تک پہنچا۔
بارالہا! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے کسب معیشت کے رنج و غم سے بے نیاز کر دے اور بے حساب روزی عطا فرما تاکہ تلاش معاش میں الجھ کر تیری عبادت سے روگرداں نہ ہوجاؤں اور ( غلط و نامشروع) کا ر و کسب کا خمیازہ نہ بھگتوں۔
اے اللہ! میں جو کچھ طلب کرتا ہوں اسے اپنی قدرت سے مہیا کر دے اور جس چیز سے خائف ہوں، اس سے اپنی عزت و جلال کے ذریعہ پناہ دے۔
خدایا! میری آبرو کو غنا و تو نگری کے ساتھ محفوظ رکھ اور فقر و تنگ دستی سے میری منزلت کو نظروں سے نہ گرا کہ تجھ سے رزق پانے والوں سے رزق مانگنے لگوں اور تیرے پست بندوں کی نگاہ لطف و کرم کو اپنی طرف موڑنے کی تمنا کروں اور جو مجھے دے اس کی مدح و ثنا اور جو نہ دے اس کی برائی کرنے میں مبتلا ہوجاؤں اور تو ہی عطا کر نے اور روک لینے کا اختیار رکھتا ہے نہ کہ وہ۔
اے اللہ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اورمجھے ایسی صحت دے جو عبادت میں کام آئے اور ایسی فرصت جو دنیا سے بے تعلقی میں صرف ہو اور ایسا علم جو عمل کے ساتھ ہو اور ایسی پرہیزگاری جو حد اعتدال میں ہو (کہ وسواس میں مبتلا نہ ہو جاؤں)۔
اے اللہ ! میری مدت حیات کو اپنے عفو و درگزر کے ساتھ ختم کر اور میری آرزو کو رحمت کی امید میں کامیاب فرما اور اپنی خوشنودی تک پہنچنے کے لیے راہ آسان کر اور ہر حالت میں میرے عمل کو بہتر قرار دے۔
اے اللہ!محمد اور ان کی آل پررحمت نازل فرما اور مجھے غفلت کے لمحات میں اپنے ذکر کے لیے ہوشیار کر اور مہلت کے دنوں میں اپنی اطاعت میں مصروف رکھ اور اپنی محبت کی سہل و آسان راہ میرے لیے کھول دے اور اس کے ذریعہ میرے لیے دنیا و آخرت کی بھلائی کو کامل کر دے۔
اے اللہ!محمد اور ان کی اولاد پر بہترین رحمت نازل فرما۔ ایسی رحمت جو اس سے پہلے تو نے مخلوقات میں سے کسی ایک پر نازل کی ہو اور اس کے بعد کسی پر نازل کرنے والا ہو اور ہمیں دنیا میں بھی نیکی عطا کر اور آخرت میں بھی اور اپنی رحمت سے ہمیں دوزخ کے عذاب سے محفوظ رکھ۔

 

 

 

فہرست صحیفہ کاملہ