فہرست صحیفہ سجادیہ

1۔ خداوند عالم کی حمد و ستائش
2۔ رسول اکرم (ص) پر درود و سلام
3۔ حاملان عرش پر درود و صلوۃ
4۔ انبیاءپر ایمان لانے والوں پر صلوۃ
5۔ اپنے لئے اور اپنے دوستوں کے لیےدعا
6۔ دعائے صبح وشام
7۔ مشکلات کے وقت کی دعا
8۔ خواستگاری پناہ کے سلسلے کی دعا
9۔ طلب مغفرت کے سلسلے کی دعا
10۔ طلب پناہ کے سلسلے کی دعا
11۔ انجام بخیر ہونے کی دعا
12۔ اعتراف گناہ اور طلب توبہ کی دعا
13۔ طلب حاجات کی دعا
14۔ دادخواہی کی بابت کی دعا
15۔ مرض کے دفعیہ کی دعا
16۔ عذر وعفو تقصیر کے سلسلے میں دعا
17۔ شر شیطان کے دفیعہ کی دعا
18۔ دفع بلیات کے سلسلے میں دعا
19۔ طلب باراں کی دعا
20۔ پاکیزہ اخلاق سے آراستگی کی دعا
21۔ رنج و اندوہ کے موقع کی دعا
22۔ شدت و سختی کے وقت کی دعا
23۔ طلب عافیت کی دعا
24۔ والدین کے حق میں دعا
25۔ اولاد کے حق میں حضرت کی دعا
26۔ ہمسایوں اور دوستوں کے لیے دعا
27۔ سرحدوں کے محافظوں کے لئے دعا
28۔ اللہ سے تضرع و زاری کے سلسلے میں
29۔ تنگی رزق کے موقع پر پڑھنے کی دعا
30۔ ادا‎ئے قرض کی دعا
31۔ دعائے توبہ
32۔ نماز شب کے بعد کی دعا
33۔ دعائے استخارہ
34۔ گناہوں کی رسوائی سے بچنے کی دعا
35۔ رضائے الہی پر خوش رہنے کی دعا
36۔ بادل اور بجلی کو دیکھتے اور رعد کی آواز
37۔ ادائے شکر میں کوتاہی کی دعا
38۔ عذر و مغفرت کے سلسلہ میں دعا
39۔ طلب عفو و رحمت کی دعا
40۔ موت کو یاد کرنے کے وقت کی دعا
41۔ پردہ پوشی و نگہداشت کی دعا
42۔ دعائے ختم القرآن
43۔ دعائے رویت ہلال
44۔ استقبال ماہ رمضان کی دعا
45۔ وداع ماہ رمضان کی دعا
46۔ عیدین اور جمعہ کی دعا
47۔ روزعرفہ کی دعا
48۔ عید قربان اور جمعہ کی دعا
49۔ دشمن کے مکر و فریب کی دعا
50۔ خوف الہی کے سلسلے میں دعا
51۔ عجز و زاری کے سلسلہ میں دعا
52۔ تضرع و الحاح کے سلسلہ میں دعا
53۔ عجز و فروتنی کے سلسلہ میں دعا
54۔ رنج و اندوہ کے دور ہونے کی دعا
سترہویں دعا
17۔ شر شیطان کے دفیعہ کی دعا
اے اللہ ! ہم شیطان مردود کے وسوسوں، مکروں اور حیلوں سے اور اس کی جھوٹی طفل تسلیوں پر اعتماد کرنے اور اس کے ہتھکنڈوں سے تیرے ذریعہ پناہ مانگتے ہیں اور اس بات سے کہ اس کے دل میں یہ طمع و خواہش پیدا ہو کہ وہ ہمیں تیری اطاعت سے بہکائے اور تیری معصیت کے ذریعہ ہماری رسوائی کا سامان کرے یا یہ کہ جس چیز کو وہ رنگ و روغن سے آراستہ کرے وہ ہماری نظروں میں کھب جائے یا جس چیز کو وہ بدنما ظاہر کرے وہ ہمیں شاق گزرے۔
اے اللہ! تو اپنی عبادت کے ذریعہ اسے ہم سے دور کر دے اور تیری محبت میں محنت و جانفشانی کرنے کے باعث اسے ٹھکرا دے اور ہمارے اور اس کے درمیان ایک ایسا پردہ جسے وہ چاک نہ کرسکے اور ایک ایسی ٹھوس دیوار جسے وہ توڑ نہ سکے، حائل کر دے۔
اے اللہ!رحمت نازل فرما محمد اور ان کی آل پر اور اسے ہمارے بجائے اپنے کسی دشمن کے بہکانے میں مصروف رکھ اور ہمیں اپنے حسن نگہداشت کے ذریعہ اس سے محفوظ کر دے۔ اس کے مکر و فریب سے بچا لے اور ہم سے رو گرداں کر دے اور ہمارے راستے سے اس کے نقش قدم مٹا دے۔
اے اللہ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور ہمیں ویسی ہی (محفوظ) ہدایت سے بہرہ مند فرما جیسی اس کی گمراہی (مستحکم) ہے اور ہمیںاس کی گمراہی کے مقابلہ میں تقویٰ و پرہیز گاری کا زادِ راہ دے اور اس کی ہلاکت آفرین راہ کے خلاف رشد اور تقویٰ کے راستے پرلے چل۔
اے اللہ ہمارے دلوں میں اسے عمل دخل کا موقع نہ دے اور ہمارے پاس کی چیزوں میں اس کے لیے منزل مہیا نہ کر۔ اے اللہ وہ جس بیہودہ بات کو خوشنما بنا کے ہمیں دکھائے وہ ہمیں پہچانوا دے اور جب پہچانوا دے تو اس سے ہماری حفاظت بھی فرمااور ہمیں اس کو فریب دینے کے طور طریقوں میں بصیرت اوراس کے مقابلہ میں سرو سامان کی تیاری کی تعلیم دے اور اس خواب غفلت سے جو اس کی طرف جھکاؤ کا باعث ہو ہوشیار کردے اور اپنی توفیق سے اس کے مقابلہ میں کاملِ نصرت عطا فرما۔
بارالٰہا ! اس کے اعمال سے ناپسندیدگی کا جذبہ ہمارے دلوں میں بھر دے، اور اس کے حیلوں کو توڑنے کی توفیق کرامت فرما۔
اے اللہ ! رحمت نازل فرما محمد اور ان کی آل پر اور شیطان کے تسلط کو ہم سے ہٹا دے اور اس کی امیدیں ہم سے قطع کر دے اور ہمیں گمراہ کرنے کی حرص و آز سے اسے دور کر دے۔
اے اللہ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور ہمارے باپ داداؤں ہماری ماؤں،
ہماری اولادوں، ہمارے قبیلہ والوں، عزیزوں، رشتہ داروں اور ہمسایہ میں رہنے والے مومن مردوں اور مومنہ عورتوں کو اس کے شر سے ایک محکم جگہ حفاظت کرنے والے قلعہ اور روک تھام کرنے والی پناہ میں رکھ اور اس سے بچالے جانیوالی زرہیں انہیں پہنا اور اس کے مقابلہ میں تیز دھار والے ہتھیار انہیں عطا کر۔
باالہٰا ! اس دعامیں ان لوگوں کو بھی شامل کر جو تیری ربوبیت کی گواہی دیں اور دوئی کے تصور کے بغیر تجھے یکتا سمجھیں اور حقیقت عبودیت کی روشنی میں تیری خاطراسے دشمن رکھیں اور الٰہی علوم کے سیکھنے میں اس کے برخلاف تجھ سے مدد چاہیں۔
اے اللہ ! جو گرہ وہ لگائے اسے کھول دے ، جسے جوڑے اسے توڑ دے اور جو تدبیر کرے اسے ناکام بنا دے اور جب کوئی ارادہ کرے اسے درہم برہم کر دے۔
خدایا! اس کے لشکر کو شکست دے ، اس کے مکر و فریب کو ملیا میٹ کر دے، اس کی پناہ گاہ کو ڈھا دے اور اس کی ناک رگڑ دے۔
اے اللہ! ہمیں اس کے دشمنوں میں شامل کر اور اس کے دوستوں میں شمار ہونے سے علیحدہ کر دے تاکہ وہ ہمیں بہکائے تو اس کی اطاعت نہ کریں اور جب ہمیں پکارے تو اس کی آواز پر لبیک نہ کہیں اور جو ہمارا حکم مانے ہم اسے اس سے دشمنی رکھنے کا حکم دیں اور جو ہمارے روکنے سے باز آئے اسے اس کی پیروی سے منع کریں۔
اے اللہ! رحمت نازل فرما محمد پر جو تمام نبیوں کے خاتم اور سب رسولوں کے سرتاج ہیں اور ان کے اہل بیت پر جو طیب و طاہر ہیں اور ہمارے عزیزوں، بھائیوں اور تمام مومن مردوں اور مومنہ عورتوں کو اس چیز سے پناہ میں رکھ جس سے ہم نے پناہ مانگی ہے اور اس چیز سے خوف کھاتے ہوئے ہم نے تجھ سے امان چاہی ہے، اس سے امان دے اور جو درخواست کی ہے اسے منظور فرما اور جس کے طلب کرنے میں غفلت ہو گئی ہے، اسے مرحمت فرما اور جسے بھول گئے ہیں اسے ہمارے لیے محفوظ رکھ اور اس وسیلہ سے ہمیں نیکوکاروں کے درجوں اور اہل ایمان کے مرتبوں تک پہنچا دے۔ ہماری دعا قبول فرما اے تمام جہان کے پروردگار۔
|