اسلامی تعلیمات

غالباً آئمہ معصومین علیہم السلام میں حضرت علی علیہ السلام کے بعد سب سے زیادہ القاب ہمارے امام عصر علیہ السلام کے ہیں جن میں زیادہ مشہور درج ذیل ہیں۔

1۔ المہدی

یہ ایک ایسا خطاب ہے جو آپؑ کے نام کا قائم مقام بن گیا ہے۔ آپؑ کے متعلق آئمہ طاہرین علیہم السلام کی اکثر روایات میں اسی لفظ کے ساتھ آپؑ کو یاد کیا گیا ہے۔ لفظ مہدی کے معنی ’’ہدایت یافتہ‘‘ کے ہیں۔ اس لحاظ سے کہ اصل ہادی (راستہ بتانے والا) خالق دو جہاں کی ذات ہے۔ اس لیے خداوند عالم کی ہدایت کے لحاظ سے ان راہنمایان دین کو مہدی کہنا درست ہے۔ اگرچہ خطاب کے لحاظ سے یہ لفظ امام عصرؑ کے ساتھ مختص ہو گیا ہے۔

2۔ القائم

یہ لقب ان احادیث سے ماخوذ ہے کہ جن میں جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا ہے کہ ’’دنیا ختم نہیں ہو سکتی جب تک میری اولاد میں سے ایک شخص قائم (کھڑا) نہ ہو جو دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دے‘‘۔

3۔ حجت خدا

ہر نبی یا امام اپنے دور میں خالق کی حجت ہوتا ہے۔ جس کے ذریعے خداوند عالم اپنے بندوں کی ہدایت کرتا ہے۔ جس سے بندوں کے پاس اپنی کوتاہیوں کے جواز کی کوئی سند نہیں رہتی۔ چونکہ ہمارے زمانے میں خلق کی رہنمائی کی ذمہ داری حضرت مہدیؑ کے ذریعے سے پوری ہوتی ہے۔ اس لیے آپؑ ’’حجت خدا ‘‘ ہے۔

4۔ منتظر

امام مہدیؑ کے ظہور کی بشارتیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور آئمہ ہدیٰ علیہم السلام مختلف ادوار میں دیتے رہے ہیں جس کی وجہ سے دنیا کو بہت عرصے تک آپؑ کی پیدائش کا انتظار رہا اور اب غیبت کے بعد دنیا کو آپؑ کے ظہور کا انتظار ہے۔