Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت محمد مصطفیٰﷺ نے فرمایا، یقینا فاطمہ ؑ کے غضبناک ہونے سے خدا غضبناک ہوتا ہے اور اس کی رضا پر خدا راضی ہوتا ہے بحارالانوار کتاب تاریخ فاطمۃ ؑوالحسن ؑ والحسین ؑ باب3

نہج البلاغہ خطبات

صفین کے دنوں میں اپنے اصحاب سے فرمایا کرتے تھے۔

اے گروہِ مسلمین ! خوفِ خدا کو اپنا شعار بناؤ۔ اطمینان وقار کی چادر اوڑھ لو۔ اور اپنے دانتوں کو بھیچ لو ۔ اس سے تلواریں سروں سے اچٹ جایا کرتی ہیں ۔ زرّہ کی تمیل کرو۔ (یعنی اس کے ساتھ خود، جوشن بھی پہن لو) اور تلواروں کو کھینچنے سے پہلے نیاموں میں اچھی طرح ہلا جُلا لو۔ اور دشمن کو ترچھی نظروں سے دیکھتے رہو اور دائیں جائیں (دونوں طرف ) نیزوں کے دار کرو، اور دشمن کو تلواروں کی باڑ پر رکھ لو۔ اور تلواروں کے ساتھ ساتھ قدموں کو آگے بڑھاؤ۔ اور یقین رکھو کہ تم اللہ کے رُو بُرو، اور رسول (ص) کے چچا زاد بھائی کے ساتھ ہو ۔ باربار حملہ کرو اور بھاگنے سے شرم کرو۔ اس لئے کہ یہ پشتوں تک کے لئے ننگ و عار اور روزِ محشر جہنم کی آگ کا باعث ہے۔ خوشی سے اپنی جانیں اللہ کو دے دو اور پُر اطمینان رفتار سے موت کی جانب پیش قدمی کرو ، اور (شامیوں کی ) اس بڑی جماعت اور طنابوں سے کھنچے ہوئے خیمے کو اپنے پیشِ نظر رکھو ، اور اس کے وسط پر حملہ کرو۔ اس لئے کہ شیطان اس کے ایک گوشے میں چھپا بیٹھا ہے۔ جس نے ایک طرف تو حملے کےلئے ہاتھ بڑھایا ہوا ہے ۔ اور دوسری طرف بھاگنے کےلئے قدم پیچھے ہٹا رکھا ہے ۔ تم مضبوطی سے اپنے ارادے پر جمے رہو۔ یہاں تک کہ حق(صبح کے ) اجالے کی طرح ظاہر ہو جائے۔ (نتیجہ میں ) تم ہی غالب ہو، اور خدا تمہارے ساتھ ہے۔ وہ تمہارے اعمال کو ضائع و برباد نہیں ہونے دے گا۔

خطبہ 64: جنگ صفین میں تعلیم حرب کےسلسلے میں فرمایا