Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت محمد مصطفیٰﷺ نے فرمایا، بخل اور بداخلاقی سے بڑھ کر خدا کے نزدیک کوئی چیز قابلِ نفرت و ناپسندیدہ نہیں اور یہ ایسی بری خصلتیں ہیں جو اعمال کو اس طرح خراب کردیتی ہیں جس طرح مٹی، شہد کو خراب کردیتی ہے۔ مستدرک الوسائل حدیث7575

نہج البلاغہ خطبات

خطبہ 49: اللہ کی عظمت اور بزرگی کے بارے میں فرمایا

تمام حمد اس اللہ کے لئے ہے جو چھپی ہوئی چیزوں کی گہرائیوں میں اُترا ہوا ہے ۔ اس کے ظاہر و ہوایدا ہونے کی نشانیاں اس کے وجود کا پتہ دیتی ہیں ۔ گو دیکھنے والے کی آنکھ سے وہ نظر نہیں آتا ۔ پھر بھی نہ دیکھنے والی آنکھ اس کا انکار نہیں کر سکتی اور جس نے اس کا اقرار کیا اس کا دل اس کی حقیقت کو نہیں پاسکتا۔ وہ اتنا بلند و برتر ہے کہ کوئی چیز اس سے بلند تر نہیں ہو سکتی اور اتنا قریب سے قریب تر ہے کہ کوئی شے اس سے قریب تو نہیں ہے اور نہ اس کی بلندی نے اسے مخلوقات سے دور کر دیا ہے اور نہ اس کے قربِ نے اسے دوسروں کی سطح پر لا کر ان کے برابر کر دیا ہے ۔ اس نے عقلوں کو اپنی سطح پر لا کر ان کے برابر کر دیا ہے ۔ اس نے عقلوں کو اپنی صفتوں کی حدود نہایت پر مطلع نہیں کیا اور ضروری مقداد میں معرفت حاصل کرنے کےلئے ان کے آگے پردے بھی حائل نہیں کئے ۔ وہ ذات ایسی ہے کہ جس کے وجود کے نشانات اس طرح اس کی شہادت دیتے ہیں کہ (زبان سے ) انکار کرنے والے کا دل بھی اقرار کئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ اللہ ان لوگوں کی باتوں سے بہت بلند و برتر ہے جو مخلوقات سے اس کی تشبیہ دیتے ہیں اور اس کے وجود کا انکار کرتے ہیں ۔