Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت امام علی نے فرمایا، اس بات کا خیال رکھو کہ جو حصہ خدا نے تمہارے لئے مقرر کیا ہے اور جو قرب اس نے تمہیں عطا کیا ہے اُسے کہیں دنیا کے حقیر مال و متاع کے بدلے نہ بیچ ڈالو۔ غررالحکم حدیث2218

نہج البلاغہ خطبات

خطبہ 211: خداوند عالم کی عظمت اور پیغمبر کی توصیف و مدحت

تمام حمد اس اللہ کے لئے ہے جو مخلوقات کی مشابہت سے بلند تر ،توصیف کرنے والوں کے تعریفی کلمات سے بالا تر ،اپنے عجیب وغریب نظم و نسق کی بدولت دیکھنے والوں کے سامنے آشکار اوراپنے جلال ِعظمت کی وجہ سے وہم و گمان دوڑانے والوں کے فکر و اوہام سے پوشیدہ ہے ۔وہ عالم ہے ۔ بغیر اس کے کہ کسی سے کچھ سیکھے یا علم میں اضافہ اور کہیں سے استفادہ کرے اور و ہ بغیر فکر و تامل کے ہر چیز کااندازہ مقرر کرنے والا ہے،نہ اسے تاریکیاں ڈھانپتی ہیں ،نہ وہ روشنیوں سے کسب ضیا کرتا ہے نہ رات اسے گھیرتی ہے،نہ (دن کی )گردشوں کا اس پر گزر ہوتا ہے اور ا س کاجاننا بوجھنا آنکھو ں کے -ذریعہ سے نہیں او ر نہ اس کا علم دوسروں کے بتانے پر منحصر ہے ۔

اسی خطبہ میں نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ذکر فرمایاہے ۔اللہ نے انہیں روشنی کے ساتھ بھیجا اور انتخاب کی منزل میں سب سے آگے رکھا تو ان کے ذریعہ سے تمام پراگندگیوں اور پریشانیوں کو دور کیا اور غلبہ پانے والوں پر مسلّط جما لیا۔ مشکلوں کو سہل اوردشواریوں کو آسان بنایا۔ یہاں تک کہ دائیں بائیں (افراط وتفریط) کی سمتوں سے گمراہی کو دور ہٹایا۔